پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا خیبر پختونخوا اسمبلی کا دورہ، برطانوی ہائی کمشنر کی سپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی سے سپیکر چیمبر میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں اراکین صوبائی اسمبلی ریحانہ اسماعیل اور طارق سعید ، خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری سید وقار شاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران خواتین کے حقوق و ترقی، جمہوری استحکام، اقتصادی خوشحالی، قانون سازی، پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے، پارلیمانی شفافیت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سپیکر بابر سلیم سواتی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔
اسمبلی کے پروٹوکول ونگ کی جانب سے برطانوی ہائی کمشنر کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا خصوصی دورہ کرایا گیا جس میں انہیں قانون سازی کے عمل، پارلیمانی روایات اور اسمبلی کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا۔
سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کو اسمبلی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔