روس یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتا ہوں، جلد جنگ بندی ہوجائے گی: امریکی صدر

Published On 28 February,2025 05:17 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کا جلد خاتمہ چاہتا ہوں، روس یوکرین میں جلد جنگ بندی ہوجائے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے روس کے صدر پیوٹن اپنی باتوں پر قائم رہیں گے، یوکرین جنگ بندی معاہدہ سب کے مفاد میں ہے، جنگ بندی معاہدہ ابھی نہیں ہوا تو پھر کبھی نہیں ہو سکے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرینی صدر آج ملاقات کیلئے آئیں گے، یوکرین کے ساتھ معدنیات کا معاہدہ روس کے خلاف کیف کی سلامتی کی ضمانت ہے، جنگ میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جنگ کے خاتمے کے بعد یوکرین کی بحالی پر بات ہوگی۔

امریکی صدر نے مزیدکہاکہ روس اور یوکرینی فوجیوں کوجنگ میں مرتا نہیں دیکھنا چاہتے، کنگ چارلس کی دعوت پر جلد برطانیہ کا دورہ کروں گا، امریکا اور برطانیہ کے درمیان جلد ایک عظیم تجارتی معاہدہ ہوگا۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا ڈونلڈ ٹرمپ سے مستقبل سے متعلق اہم گفتگو ہوئی، روس یوکرین جنگ بندی کیلئے امریکا کے ساتھ ہیں، امریکا کی جانب سے سلامتی کی ضمانت کے بغیر یوکرین میں امن قائم نہیں ہو سکتا، امریکی صدر کی امن سے متعلق کوششیں قابل تعریف ہیں۔