سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیسز: شبلی فراز سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع

Published On 12 March,2025 10:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کی قیادت اور حامی وکلاء کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیسز میں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیسز پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے لطیف کھوسہ، شبلی فراز، سلمان اکرم راجا اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل صفائی کا موقف تھا کہ ہم نے سی سی ٹی وی کے حصول کیلئے درخواست دی ہے مگر ابھی تک کچھ نہیں ہوا، عدالت سی سی ٹی وی فوٹیجز کے حوالے سے آرڈر دے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں مگر بیان ریکارڈ نہیں ہو رہا۔

عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 5 مئی تک توسیع کر دی، ملزمان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں 2 مقدمات درج ہیں۔