حقیقی آزادی مارچ کیسز: پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

Published On 11 March,2025 12:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے حقیقی آزادی مارچ کیسز میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

سینئر سول جج محمد عباس شاہ نے پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ پر درج 2 کیسز کی سماعت کی، دونوں مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر افراد نامزد ہیں، مقدمے میں نامزد کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

عدالت نے عدم پیشی پر علی نواز اعوان، راجا خرم نواز و دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

ملزمان کی بریت کی درخواست پر آج بھی دلائل نہ ہو سکے، جج محمد عباس شاہ نے کہا کہ ملزمان کی موجودگی میں بریت کی درخواستیں سنوں گا، جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس سے قبل متعدد کیسز میں عمران خان کی غیر موجودگی میں دلائل ہوئے اور وہ بری ہوئے۔

عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر کے خلاف تھانہ کوہسار میں 2 مقدمات درج ہیں۔