کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

Published On 13 March,2025 10:36 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا مذہبی، تاریخی اور بے مثال برادرانہ تعلقات ہیں، ایئر چیف نے فوجی تعاون اور تربیت کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر ترقی کی تعریف کی، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے دونوں ممالک کے درمیان فضائیہ سے فضائیہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معزز مہمان نے علم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بحرین ایئر فورس کی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پی اے ایف کی ملٹی ڈومین صلاحیتوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین نیشنل گارڈ نے پاک فضائیہ سے سپیس، سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر میں تعاون کا اظہار کیا، بحرین نے نیشنل ایئرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سے ساز و سامان کے حصول میں دلچسپی دکھائی۔