آپریشن کا فائدہ نہیں، نقصان ہوگا، اجازت نہیں دیں گے: علی امین گنڈا پور

Published On 19 March,2025 11:37 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، آپریشن کا فائدہ نہیں ہونا، نقصان ہی ہونا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تو چل رہے ہیں، سب کو بیٹھنا ہوگا، قرارداد پاس کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری افغانستان کےساتھ بات چیت ضروری ہے، اسٹیبلشمنٹ افغانستان جرگہ بھیجنے کے معاملے پر آن بورڈ ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام کا اعتماد غلط پالیسیوں کی وجہ سے اٹھا، اب نظرثانی کرنا ہوگی، جب تک بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔

انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنا چاہئے، کل میٹنگ میں سیاسی معاملات اور بانی سے متعلق بات نہیں ہوئی۔