کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میئر کراچی پر برستے ہوئے کہاکہ ہٹا سکتے ہو تو ہٹا دو، عوام کیلئے بولنا نہیں چھوڑوں گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا میئرکراچی کو مجھے نہیں اللہ کوجوابدہ ہونا ہے، سیاسی کھیل مت کھیلو، میڈیا پر کوریج کیلئے عوام کے دل نہ دکھاؤ، تم چھوٹے ہو میرے، تم جس منصب پر ہو کئی دنوں سے اس کامذاق اڑا رہے ہو۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں نے تمہیں معاف کیا، میں اب تمہاری کسی بات کا جواب نہیں دوں گا، سب الزامات گورنر پر اور تم ہر چیزسے بری الذمہ؟ ایسے نہیں چلے گا، مزید کہا یہ ٹریفک گردی رکنی چاہئے، اس مسئلے پر سب کو بیٹھنا ہوگا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ جب تک ساتھ بیٹھ کر مسئلے کا حل نہیں نکالتے حادثات نہیں رکیں گے، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانا ہوگا، ایک قاتل ڈمپر نے ہنستے بستے گھر کو اجاڑ دیا، اس فیملی کے بچے کو6 دن بعد دنیا میں آنا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مافیاز کے خلاف آخری حد تک جاؤں گا یہ میرے لوگ اور میرا شہر ہے، اگر قوانین پر عمل درآمد نہ کرایا تو ڈمپر کے آگے کھڑا ہوجاؤں گا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے ٹریفک حادثات پرآل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان بھی کر دیا۔