سندھ میں کوئی مافیا پشت پناہی کے بغیر جی نہیں سکتا: خالد مقبول صدیقی

Published On 30 March,2025 05:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو تعاون حاصل ہے، سندھ میں کوئی مافیا پشت پناہی کے بغیر جی نہیں سکتا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پورا رمضان شہریوں کے خون سے سڑکیں لہولہان ہوتی رہیں، کراچی کی گلیاں اور سڑکیں نوحہ سنا رہی ہیں، یہ غفلت اور بے رحمی کی سفاک داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکڑوں نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر مارے گئے، کراچی کی گلیاں اور سڑکیں چیخ چیخ کر نوحہ سنا رہی ہیں، ڈمپر کی وارداتوں میں یہ تسلسل کسی خاص وجہ سے کیا جا رہا ہے؟۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں کوئی مافیا پشت پناہی کے بغیر جی نہیں سکتا، ایم کیو ایم ان حادثات کے تواتر پر پٹیشن دائر کرنے جا رہی ہے، ڈکیتی متاثرین بھی پٹیشن دائر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتیں چھوٹے چھوٹے مسائل پر سوموٹو لیتی رہی ہیں، آج بھی سیکڑوں کیس عدالتوں میں سسک رہے ہیں، لیاری گینگ وار جیسا بھتہ خوری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو تعاون مل رہا ہے، ایس ایچ او ڈاکو خود اپنے گاؤں سے لے کر آ رہا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہریوں کو پنشن سے محروم رکھا جا رہا ہے، جعلی ڈومیسائل والوں کو پنشن دی جا رہی ہے، ایم کیو ایم نے پنشنرز کے حقوق کیلئے اقدامات کئے، ہم نے قانونی ٹیم تیار کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کا 60، سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد کراچی دیتا ہے، عید کے بعد شہرکے حقوق کیلئے جہاں جانا پڑا جائیں گے۔

کنوینئر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پیکا قانون بنایا جائے، ایم کیو ایم کے پاس سڑکوں پر آنے کا آئینی ، قانونی حق ہے۔