وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ناکافی ہے: حافظ نعیم الرحمان

Published On 04 April,2025 01:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ناکافی ہے، بجلی کی قیمت کو مزید کم کرنا چاہیے تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فی یونٹ بجلی میں 7 روپے 41 پیسے کا ریلیف دیا، ہم سمجھتے ہیں کہ ریلیف اس سے زیادہ ہونا چاہیے، ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا اس میں ہر حکومت شامل رہی۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو کھمبوں کی قیمت پر بیچا گیا، کے الیکٹرک کی نجکاری میں ایم کیو ایم شامل رہی، ملک میں (ن) لیگ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومتیں رہیں جنہوں نے آئی پی پیز کو سپورٹ فراہم کی ہے، پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو قوم کے سامنے لانا پڑے گا، آئی پی پیز کو فکس کر کے ان کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کو بھاگنے نہیں دیا بلکہ معاہدہ کیا، آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹ کے نام پر سب کچھ مل رہا ہے، آئی پی پیز والے ٹیکس بھی ادا نہیں کرتے، گزشتہ چند سالوں میں ان کو 1700 ارب روپے ٹیکس معاف کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب معاملات چند مفاد پرست لوگوں کا ہو تو سب ایک ہو جاتے ہیں، پارٹیوں میں بیٹھے لوگ مافیاز ہیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، 7 اپریل کو لاہور میں مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کل بھی کمی ہوئی ہے، یہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم نہیں کیا جا رہا، پٹرول سستا اور بجلی کی قیمت مزید کم ہونے تک کاروبار کیسے چلے گا؟