حکومت نے امریکی آشیرباد کیلئے نئی سہولت کاری کا آغاز کیا: حافظ نعیم

Published On 07 March,2025 09:35 pm

لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان حکومت نے امریکی آشیرباد کے حصول کے لیے نئی سہولت کاری کا آغاز کیا ہے۔

منصورہ لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے شکریہ ادا کرنے پر شہباز شریف بغلیں بجا رہے ہیں، حکمران امریکی خوشنودی کے حصول کے لیے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ حکومت مخالف تحریک چلانے میں اپوزیشن اتحاد میں سنجیدگی کا فقدان ہے، عید کے بعد مہنگی بجلی اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل پر ہی بات کرتی ہے، پنجاب میں بھی محنت کریں گے، پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا سروے آیا ہے اس میں ساٹھ فیصد سکول اپ ٹو دی مارک نہیں چل رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا ہے کہ امن تعلیم و صحت آپ نہ دیں تو پھر حکومت کو چاہیے کہ وہ گھر چلی جائے، تعلیم کسی ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں ہے، ملک میں طبقاتی تعلیم نہیں ہونی چاہیے سب کو ایک تعلیم ملنی چاہیے۔