ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور ڈائریکٹر نیب کو جاری توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس معطل

Published On 09 April,2025 05:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور ڈائریکٹر نیب کو جاری توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس معطل کر دیا۔

جسٹس بابر ستار کی عدالت سے رِٹ درخواست اور توہینِ عدالت کی کارروائی کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا، قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے شوکاز نوٹس معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالتی آرڈرز کی مسلسل خلاف ورزی میں نام سفری پابندی فہرست شامل کرنے اور اسکی سفارش پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جسٹس بابر ستار نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور ڈائریکٹر نیب کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی اپیل پر اعتراض دور کیا جاتا ہے، درخواست آج ہی سماعت کیلئے مقرر کی جائے، سنگل بنچ نے سفری پابندی سے نام نکالنے کی درخواست پر توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا۔

تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ وکیل کے مطابق نام سفری پابندی فہرست میں شامل کرنے کا آرڈر معطل کر کے عبوری کی بجائے حتمی ریلیف دیدیا گیا، وکیل کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے نیب کی درخواست پر کارروائی کی۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق وکیل کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے پِک اینڈ چوز کر کے خود سے نام شامل نہیں کیا، وکیل کے مطابق ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو جاری توہینِ عدالت کا نوٹس غیرقانونی ہے۔

حکم نامہ کے مطابق اپیل کنندہ کا اٹھایا ہوا نکتہ غور طلب ہے، فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا جاتا ہے، آفس درخواست اور توہینِ عدالت کی کارروائی کا تمام ریکارڈ اِس اپیل کے ساتھ منسلک کرے۔