رائٹ سائزنگ اقدام کے تحت آئندہ مالی سال 31 ارب روپے کی بچت ہو گی: سیکرٹری کابینہ

Published On 16 April,2025 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری کابینہ کے مطابق رائٹ سائزنگ اقدام کے تحت آئندہ مالی سال 31 ارب روپے کی بچت ہو گی، حکومت نے 32 ہزار 70 سرکاری آسامیاں ختم کر دی ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل نے رائٹ سائزنگ اقدام کے پلان پر اہم بریفنگ دی۔

سیکرٹری کابینہ نے کہا کہ مستقبل میں 7 ہزار 724 مزید آسامیاں ختم ہو جائیں گی، سب سے زیادہ آسامیاں گریڈ ون میں 7 ہزار 305 ختم کی گئیں، اس وقت گریڈ 21 اور 22 کی 4 آسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

کامران علی افضل نے کہا کہ گریڈ 20 کی 36 پوسٹیں ختم کیں اور گریڈ 19 میں 99 آسامیاں ختم کی گئی ہیں، گریڈ 18 کی 203 اور گریڈ 17 کی 760 خالی آسامیاں ختم کر دی گئیں، گریڈ 19 کی مزید 17، گریڈ 18 میں 26 آسامیاں ختم کرنی ہیں۔

انہوں نے بریفنگ دی کہ مستقبل میں گریڈ 17 میں 58 آسامیاں ختم کر دی جائیں گی، گریڈ ون میں مزید 4 ہزار 253 آسامیاں ختم کی جائیں گی، آسامیاں ختم کرنے سے قومی خزانے کو 30 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

سیکرٹری کابینہ نے بتایا کہ مزید آسامیاں ختم کرنے سے بھی 6 ارب روپے کی اضافی بچت ہو گی، رائٹ سائزنگ اقدام کے علاوہ اداروں کی ایفیشنسی اور ورکنگ کو بہتر کرنا ہو گا۔