اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور مائنز اینڈ منرلز بل پر سائن کر چکے ہیں۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’ دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بل پر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے اتفاق ہوا ہے،علی امین گنڈا پور، مریم نواز، مراد علی شاہ، سرفراز بگٹی نے دستخط کئے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ بلوچستان کے اندر آگ لگی ہے، کیا ہم صوبے کو جلنے دیں؟ ہم نے بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنا ہے، حکومت نے وسائل کا رخ بلوچستان کی طرف کیا ہے، حکومت نے ایک مشکل فیصلہ لیا، وزیراعلیٰ بلوچستان اور خالد مگسی نے وفاق کے فیصلے کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا مطالبہ تھا خونی سڑک سے جان چھڑا دیں، ایک صوبے کی تکلیف کا مداوا کرنا چاہتے ہیں، دشمن بلوچستان کو توڑنے کی کوششوں میں لگے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا۔