بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے: مشاہد حسین

Published On 24 April,2025 01:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ماہر بین الاقوامی امور مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو بہانہ بنایا ہے۔

مشاہد حسین نے کہاکہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، یہ ایک سوچی سمجھی سکیم کے تحت ہو رہا ہے، بھارت کا معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنا ناقابل قبول ہے، بھارت اپنی سکیورٹی ناکامی کا الزام پاکستان پرنہ لگائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا اس جھوٹ اور انتشار کو پھیلانے میں بھارتی حکومت کے ساتھ ہے، سندھ طاس معاہدہ میں امریکا شامل ہے، پاکستان تو خود دہشت گردی کا شکارہے، پاکستان کو یواین سیکرٹری جنرل کے پاس جانا چاہیے۔

مشاہد حسین نے کہاکہ بھارت نے ماضی میں بھی جھوٹے الزام لگائے تھے، پاکستان کا پانی روکنا جنگ کرنے کے مترادف ہوگا، پاکستان کو ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر چین بھارت کا پانی بند کردے گا توحالات مزید خراب ہوں گے، ہمارا کیس مضبوط ہے۔