سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے جواب میں شملہ معاہدہ ختم کر سکتے ہیں : اسحاق ڈار

Published On 24 April,2025 04:32 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ بھارت کے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے جواب میں شملہ معاہدہ ختم کر سکتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، آج کےاجلاس میں اہم فیصلےکیےگئے،اجلاس میں سیاسی وعسکری قیادت نےشرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کےتحت بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، بھارت کا رویہ بڑا ہی غیرذمہ دارانہ ہے، ہم نےبھی آج واہگہ بارڈرکوفوری بند کردیا ہے،30اپریل تک بھارتی شہری واپس چلےجائیں۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جن بھارتی شہریوں کو ویزے جاری ہوئے انہیں کینسل کردیا ہے، سارک ویزا کےتحت پاکستان میں داخل ہونے والےبھارتی شہری48  گھنٹے تک واپس چلے جائیں، واہگہ کے راستے ہر قسم کی تجارت کو معطل کیا جا رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی سفارتی عملے کی تعداد کو30 کر دیا ہے، پاکستان کی ایئرسپیس کوبھارت کے لیے بند کیا جا رہا ہے، کسی بھارتی ایئرلائن کو پاکستان ایئراسپیس استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےالزامات لگائےلیکن کوئی شواہد پیش نہیں کیے، اسلام آباد میں موجود بھارتی دفاعی،بحری، فضائی مشیرناپسندیدہ شخصیات قرار دیا ہے، بھارت کوترکی بہ ترکی جواب دیا جائےگا، ہم بھی پھرشملہ معاہدے کو معطل کر سکتے ہیں، انڈین ہائی کمیشن کو ڈی مارش جاری کیا جائے گا، آج ہی انڈین ناظم الامور کو طلب کیا جائے گا۔

خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نےکوئی بھی ایڈوانچرکرنےکی کوشش کی توماضی سےبھی برا حشر ہوگا، نریندر مودی واحد حکمران ہیں جس پر قتل عام کی وجہ سے پابندیاں لگیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پرالزامات لگائے، مقبوضہ کشمیرمیں9لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی میں ایسا واقعہ ہوا، پاکستان نے واقعے کی مذمت کی ہے، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا نشانہ بنا، بی ایل اے، ٹی ٹی پی کے سپانسر بھارت میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستان کے اندرجو کچھ ہورہا ہے اس میں بھارت کے ہاتھ نظر آتے ہیں، بھارت نے کینیڈا،امریکا میں بھی دہشت گردی کو سپورٹ کیا، جو الزامات بھارت پرہے ویسا کوئی الزام پاکستان پرنہیں ہے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نےابھی تک پاکستان کا نام نہیں لیا، اگر وہ نام لیتے ہیں تو بھرپورجواب دیں گے، ابھی بھارتی میڈیا الزام تراشی کر رہا ہے، ہمارے پاس دہشت گردی کی زندہ گواہی کلبھوشن یادیو ہے،پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی پر ہمیں فخر ہے، دفاعی قوت کو بڑھانے کے لیے تجربات جاری رہیں گے۔
عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کل بھارت نےگیدڑ بھبھکیاں دیں، اس پر بھارت کی یئراسپیس بند کردی ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سے پہلے اس پڑھنے کی زخمت نہیں کی ، ایسا اقدام عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کےخلاف ہمیں کامیابیاں مل رہی ہے، بھارت کودہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں ہضم نہیں ہورہی، توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے اس واقعے کو بطور ہتھیاراستعمال کیا۔