اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے مکمل اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کی بدنیتی پر مبنی مہم کو مسترد کردیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کے مکمل اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف منظم اور مذموم مہم کو یکسر مسترد کرتے ہیں، یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی میڈیا سے سرکاری لیکس کے ذریعے ایف اے ٹی ایف اجلاسوں سے قبل پاکستان کے خلاف گمراہ کن، بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈے کو فروغ دیا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے بارہا پاکستان کی طرف سے اے ایم ایل اور سی ایف ٹی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا اعتراف کیا ہے، بھارت کی اس عمل کو سیاسی رنگ دینے اور پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں پر شکوک و شبہات کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے اس سال جون کے مکمل اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان نے اپنے 2018 اور 2021 کے دونوں ایکشن پلانز کی تمام بنیادی اور طریقہ کار کی ضروریات کو مکمل طور پر پورا کرلیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ ایف اے ٹی ایف بھارت کے عزائم کو قبول کرنے والا نہیں ہے، بھارت غلط معلومات کی مہم کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کو فروغ دینے کی شدت سے کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس مکروہ کوشش کے بارے میں ایف اے ٹی ایف کی توجہ دلائی ہے، جھوٹ اور پروپیگنڈے کی چکی میں پلنے والے بھارتی میڈیا اور ریاستی اداروں کی کوئی اعتباریت نہیں ہے، ان کا پاکستان مخالف بیانیہ بے بنیاد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ بھارتی میڈیا اور اس کے سرپرستوں کی بدنیتی کو مزید بے نقاب کرے گا۔