بھارت کا پاکستان پر دہشت گردی کا منصوبہ بنانے کا واویلہ، الزامات جھوٹ قرار

Published On 21 August,2022 05:54 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان نے دہشت گردی سے متعلق بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ فالس فلیگ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، بھارت 2019 کے واضح اور بھرپور جواب کو یاد رکھے، غلطی کو دوبارہ نہ دہرایا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کہنا ہے کہ بھارت نے چند مبینہ واقعات کو توڑ مروڑ کر اسے دہشتگرد منصوبے کا نام دیا اور میڈیا کے ذریعہ جعلی پاکستانی واٹس ایپ نمبر سے مہاراشٹرا میں اسلحہ سمیت خالی کشتی پکڑنے کا واویلا کیا، معاملہ کو نام نہاد ممبئی طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کے جھوٹے دعوؤں سے جوڑنے کی کوشش کی، یہ سب پاکستان کو دہشتگردی کے پیرائے میں بدنام کرنے کی مذموم مہم کا تسلسل ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پروپیگنڈا واضح طور پر کسی ممکنہ "فالس فلیگ" سرگرمی کی جانب اشارہ کرتاہے، بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے پاکستان کو کشمیر میں جاری مظالم، قتل و غارت کو بے نقاب کرنے سے نہیں روک سکتا۔
 

Advertisement