پنجاب میں کسانوں کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھل رہے ہیں: مریم نواز

Published On 26 April,2025 10:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں کسانوں کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملاقات کی، ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملتان وہاڑی روڈ پراجیکٹ کے جلد آغاز پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار پراجیکٹس شروع کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے موثر اور پائیدار اقدامات کی بدولت صوبے کے کسانوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا وعدہ ہر صورت میں پورا کیا جائے گا۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے کہا ہے کہ ملتان وہاڑی روڈ کی تکمیل سے چار اضلاع میں بسنے والے لاکھوں عوام مستفید ہوں گے، حکومت پنجاب کے ہر پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے عوامی مسائل حل ہوں گے۔

ملک نوشیر خان لنگڑیال نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب کو ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے عزم کو قابل تحسین قرار دیا اور انہوں نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے شروع کیے گئے ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام کو بھی ایک شاندار اقدام قرار دیا۔