بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، جارحیت کا جواب جارحیت سے دینگے: شازیہ مری

Published On 26 April,2025 02:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ بھارت کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، ہم جارحیت کا جواب جارحیت سے دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت میں منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، بھارتی عوام پر ترس آ رہا ہے ان کو کیا سکھایا اور کیا بتایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم کے ردعمل میں ان پر پتھراؤ ہوتا ہے، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ فوج کی سکیورٹی پر کوئی بات نہیں کر رہی۔

شازیہ مری نے مزید کہا ہے کہ دہشت گرد پہلگام تک پہنچ گئے، کیا بھارتی سکیورٹی فورسز چنے کھا رہی تھیں؟ بلاول بھٹونے بحیثیت وزیر خارجہ بھارت جا کر ثابت کیا کہ ہم امن چاہتے ہیں، بھارت کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، ہم جارحیت کا جواب جارحیت سے دیں گے۔