دہشتگردی واقعات میں بھارت کےملوث ہونےکےناقابل تردید ثبوت موجود : عطا تارڑ

Published On 27 April,2025 06:51 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کےواقعات میں بھارت کےملوث ہونےکےناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی سےسب سےزیادہ متاثرہے، پاکستان نےدہشت گردی کی جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ سےملکی معیشت کواربوں ڈالرزکا نقصان ہوا، فتنہ الخوارج کےخلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت دنیا بھرمیں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، پہلگام لائن آف کنٹرول سے150 کلومیٹر دور ہے، واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آرکا اندراج ثبوت ہے کہ یہ سازش پہلے سے تیار کی گئی تھی، پاکستان نےواقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جعفرایکسپریس واقعہ میں دہشت گردوں نےمعصوم لوگوں کویرغمال بنایا، بھارت کےعلاوہ پوری دنیا نےجعفرایکسپریس واقعہ کی مذمت کی، بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پکڑا جو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث تھا، سکھ رہنماؤں کےقتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے شواہد دنیا کے سامنے ہیں، دہشت گردی کےواقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کوسپانسرکرتا ہے، لندن میں پاکستانی سفارت خانے پرحملہ بھارتی حکومت کی انتہا پسند سوچ کا عکاس ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی سالمیت اورخودمختاری کا دفاع کرنا جانتا ہے۔