شرجیل انعام میمن کا متنازعہ کینال منصوبہ مسترد ہونے کے فیصلے کا خیرمقدم

Published On 29 April,2025 01:15 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں متنازعہ کینال مسترد ہونے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ کسی کی ہار یا جیت نہیں، یہ پاکستان کی جیت ہے، یہ آئین کی بالادستی، قومی یکجہتی اور انصاف کے اصولوں کی فتح ہے، آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے کہ ہم نے ایک دوسرے کے حقوق کا اعتراف کیا اور اپنی وحدت کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے وفاق کی مضبوطی، صوبوں کے حقوق اور عوامی خوشحالی کے لئے کوشاں رہی ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے نے صوبہ سندھ کے عوام کے آبی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ کامیابی سندھ کے عوام کے اجتماعی شعور، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ قیادت اور حکومت سندھ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، نئے کینالز کے منصوبے آگے بڑھتے تو سندھ کے کسانوں، مزدوروں اور شہریوں کے لئے پانی کا بحران مزید سنگین ہو جاتا۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح اور غیر لچکدار مؤقف اپنایا کہ سندھ کا پانی سندھ کے عوام کا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، متنازعہ آبی منصوبے مسترد ہونے پر پوری قوم، خاص طور پر سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے مفادات کو ہر قسم کی سیاسی مصلحتوں سے بالاتر رکھا ہے، آج ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ قوت ہے جو عملی طور پر عوامی امنگوں کی ترجمان ہے۔