اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کرتے بھارتی رافیل طیارے پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی اور تیز رفتاری کے خوف سے ہی فرار ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب ایک حساس اور کشیدہ لمحہ اس وقت پیدا ہوا جب بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل جنگی طیاروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کی تاہم وہ اپنی جغرافیائی حدود کے اندر ہی رہے، یہ پیشرفت بھارتی فضائیہ کی جانب سے اشتعال انگیز اور جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی بھارتی رافیل طیارے فضا میں متحرک ہوئے پاکستان ایئر فورس نے فوراً ان کی نشاندہی کر لی اور بروقت ردعمل دیتے ہوئے اپنی فضائی نگرانی کو فعال کر دیا۔
پاکستانی طیاروں کی تیز اور مؤثر کارروائی نے بھارتی طیاروں کو ہکا بکا کر دیا اور وہ بوکھلاہٹ میں اپنی فضائی حدود کے اندر واپس پلٹنے پر مجبور ہو گئے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ نے نہ صرف دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی بلکہ فوری حکمت عملی کے تحت اپنی فضائی برتری کا مظاہرہ بھی کیا۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی افواج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور کسی بھی غلط اقدام سے صورتحال کسی بڑے تصادم کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
دوسری جانب دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایسی حرکات غیر ذمہ دارانہ ہیں اور خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
پاکستان نے دنیا کو ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے بلکہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ اور فوری جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔