اسحاق ڈار کا یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ سے ٹیلیفونک رابطہ

Published On 02 May,2025 09:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے سفارتی رابطے جاری، نائب وزیراعظم کا یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور نائب صدر کاجا کالاس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی پیش رفت سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز پراپیگنڈے کو دوٹوک انداز میں مسترد کیا۔

اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی تجویز کو دہرایا۔

یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے دونوں فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے کیلئے زور دیا، یورپی یونین کی نمائندہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک یورپی یونین تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔