پاکستان میں دہشت گرد کیمپوں کو ٹارگٹ کرنے کا بھارتی جھوٹا دعویٰ بے نقاب

Published On 08 May,2025 12:13 am

مظفر آباد :(دنیا نیوز) پاکستان میں دہشت گرد کیمپوں کو ٹارگٹ کرنے کا بھارتی جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہو گیا۔

ملکی اور غیر ملکی میڈیا نمائندوں نے مظفر آباد میں انڈین اسٹرائیکس کی جگہ کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر مظفر آباد مدثر فاروق کے مطابق چاروں طرف آبادی میں واقع مسجد کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے، بھارت نے محلے کی ایک عام مسجد کو نشانہ بنا کر دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے، مقامی رہائشیوں نے دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنانے کے بھارتی دعوے کو یکسر مسترد کر دیا، اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بزدل دشمن نے مسجد کو نشانہ بنا کر معصوم لوگوں کی جان لی، بھارتی جارحیت کا ہر صورت بدلہ لیا جائے۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ بارہ بج کر پینتیس منٹ پر پہلا دھماکہ سنائی دیا، چند منٹ تک یکے بعد دیگرے میزائل گرتے رہے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ دھماکوں میں مسجد کے 80 سالہ خادم سمیت تین افراد شہید ہوئے جبکہ ملحقہ گھر میں ننھی پری نمرہ بھارتی جارحیت کا نشانہ بنی، شدید زخمی نمرہ موت و حیات کی کشمکش میں ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔

علاوہ ازیں مدثر فاروق نے کہا بھارت نے مظفرآباد میں گنجان آباد علاقے میں مسجد کو نشانہ بنایا، بھارت کے بزدلانہ حملے میں تین افراد شہید جبکہ ایک معصوم بچی زخمی ہو گئی، مظفرآباد کی بلال مسجد پر بھارت نے متعدد میزائل داغے۔

ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا دہشت گرد کیمپوں کا دعوی بے بنیاد اور گمراہ کن ہے، بھارت نے گنجان آباد علاقے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔