اسحاق ڈار کا اٹلی کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا

Published On 08 May,2025 09:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اٹلی کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون انتونیو تاجانی سے علاقائی صورتحال پر بات چیت کیلئے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

 دفتر خارجہ کے  ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے اطالوی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے پاکستانی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی سے تفصیلی آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے سٹینڈ آف ہتھیاروں کے استعمال سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے عمل پر بریفنگ دی۔

ترجمان  کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کی سخت مذمت کی،بھارتی بزدلانہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری شہید ہوئے،وزیر خارجہ نے بھارت کے اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن و امان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،بھارتی اقدامات دو جوہری طاقتوں کو ایک بڑے تنازع کے قریب لے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب اطالوی وزیر خارجہ تاجانی نے پاکستان میں جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا،انہوں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے بات چیت کی فوری ضرورت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔