نیویارک : (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے اور ہم امن چاہتے ہیں۔
ترک نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تو شروع سے ہی کہہ رہا ہے کہ ہماراپہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، بے بنیاد الزامات کے جواب میں ہم غیرجانبدار، معتبر اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کا انتظار نہیں کیا، بھارت نے بین الاقوامی برادری کی جانب سے تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیلوں کو بھی نظر انداز کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کیا جس کا پاکستان کو جواب دینا پڑا، پاکستان کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ذمہ دار جوہری ریاست کے طور پر پاکستان کا مؤقف بہت واضح ہے، ہم امن چاہتے ہیں، ہم بالکل بھی جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی سمت نہیں جا رہے۔
انہوں نے دو ٹوک انداز میں بتایا کہ ہم یہ قبول نہیں کر سکتے کہ کوئی ملک خود ہی الزامات عائد کرے اور پھر خود ہی جج اور جیوری بن جائے۔