بھارتی جارحیت: پاک بحریہ نے لڑاکا جہاز پانیوں میں اتار دیے

Published On 10 May,2025 09:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دشمن کے مزموم ارادے بھانپتے ہوئے پاکستان نیوی نے اپنے لڑاکا جہاز پانیوں میں اتار کر انہیں مخصوص مقامات پر پہنچا دیا۔

پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی مس ایڈوانچر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان نیوی کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئرکرافٹ کیریئر اور جہازوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جارحیت پر اتری بھارتی بحریہ کی جانب سے جہازوں کی تعیناتی قابل فہم ہے مگر بھارت کی موجودہ صلاحیت کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس کا کوئی قابل ذکر اثر نہیں پڑے گا۔

اس کے برعکس بھارتی بحریہ کے اثاثے پاکستان کے لیے ایک پرکشش ہدف ثابت ہوں گے۔

برطانوی اخبار کی جانب سے بھارتی بیڑے کی پیش قدمی پر ردعمل میں پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اس ناکام بھارتی پراپیگنڈے کا تسلسل ہے جس میں گزشتہ شب مضحکہ خیز دعویٰ کیا گیا تھا کہ کراچی کی بندرگاہ پر حملہ کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ میزائلوں کی جس رینج کا دعوی کیا گیا ہے وہ بھی گمراہ کن ہے، پاکستان نیوی دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔