کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔
پی ٹی وی ورلڈ سے گفتگو کرت ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، 3 روز تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان امن کا خواہشمند ہے مگر اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہم نے بھارت کی جارحیت کا ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ عالمی برادری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت کی، بھارت نے جارحیت کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعہ کی عالمی تحقیقات سے کیوں ہچکچا رہا ہے؟ بھارت مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے، بھارت بلوچستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اپنی سرزمین سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی دنیا معترف ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کر سکتا، پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے۔