اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ مودی اپنی 'فیس سیونگ' کیلئے خطرناک حد تک جاسکتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہندوستان کو دہشت گردی کے ثبوت چاہئیں تو ہم سے لیں، بھارت کا ہر شہری اپنی حکومت سے سوال کرے۔
انہوں نے کہا کہ پلوامہ سے پہلگام تو تمہیں نظر آتا ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی ہندوستان کی نظروں سے اوجھل کیوں ہے؟ مودی اس وقت شکست خوردہ ہے، مودی اپنی سیاسی شہرت کیلئے لاشیں مانگتا ہے۔
عبدالقادرپٹیل کا کہنا تھا کہ مودی لاشوں پر سیاست کرتا ہے، مودی کسی بھی سازش تک جاسکتا ہے، ہمیں ہر وقت چوکنا رہنا ہوگا، سیز فائر اور جنگ بندی اپنی جگہ، مودی اپنی فیس سیونگ کیلئے خطرناک حد تک جاسکتا ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مودی نے پاکستان میں دہشتگردی کرائی، ہم مودی کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار بیٹھے ہیں، افواج پاکستان نے کمال کر دیا ہے، ہندوستان کو رافیل پر بڑا ناز تھا، جس کے شروع میں را لگے اس نے تو فیل ہونا ہی ہے۔
عبدالقادرپٹیل نے کہا کہ رافیل گرا تو فرانس کے صدر نے کہا یہ کیا ہوا؟، یہودیوں کے ڈرونز گرے تو نیتن یاہو نے کہا یہ کیا ہوا؟ امریکی ٹرمپ فوراً درمیان میں کود پڑے کہ کوئی چیز ہماری نہ گرا دیں۔