کوئٹہ:(دنیا نیوز) سربراہ جےیوآئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اچھا اخلاق اپنا کر ہی جے یو آئی کا مشن پورا کیا جاسکتا ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے زیراہتمام ڈیجیٹل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعتی فیصلوں کے برخلاف مشاورت منافقین کی عادتیں ہیں ،ایسی عادتوں سے بچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اچھا اخلاق اپنا کر ہی جے یو آئی کے مشن کو پورا کیا جاسکتا ہے، ہمیں انبیاءکی سیاست کرنی ہے جس میں تدبیر ہو اور تدبر ہو۔
سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ذرائع ابلاغ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے، مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگا، دین کا مزاج کمزوریوں کو چھپانا اور اچھائیوں کو سامنے لانا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ اچھے بھلے عالم دین کے نام کو بگاڑ دیا جاتا ہے،اپنے نوجوانوں کی تربیت کریں، اسلام علم اور تربیت کا نام ہے، جے یو آئی کارکن اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں۔