تین مذہبی سیاسی جماعتوں کا یوم جمعہ دفاع وطن اور عزم کے طور پر منانے کا اعلان

Published On 08 May,2025 08:51 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) ملک کی تین بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں نے یوم جمعہ کو مسلح افواج و دفاع وطن کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان کردیا۔

سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور علامہ ساجد نقوی نے اجتماعات جمعہ میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرانے کی اپیل کردی۔

اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یوم جمعہ کو یوم دفاع وطن کے طور پر منایا جائے، دفاع وطن فرض، ہر پاکستانی قربانی کیلئے تیار ہے، دشمن کو بھرپور جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،یوم جمعہ کو یوم عزم کے طور پر منایا جائے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جمعۃ المبارک یوم عزم اور اتوار کو پاکستان زندہ باد کے طور پر منایا جائے جبکہ شیعہ علماء کونسل بھی جمعہ کو بھارتی جارحیت کیخلاف یوم احتجاج جبکہ مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی۔