اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے رابطہ کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، امریکا خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا،وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے حملوں نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصے میں ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔