ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا: شہباز شریف

Published On 08 May,2025 07:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف کے زیرصدارت سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بھارتی جارحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی پر بھرپور جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت موجود مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف بھی اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم ہاؤس پہنچے، سکیورٹی حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کو ڈرون حملوں اور پاکستانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا گیا، پاکستانی قیادت نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا، شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ بھارت کے 25 اسرائیلی ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور ہم ہر حالات کے لئے تیار ہیں، پاکستان نے بھارت کے ڈرون اور جہاز مار گرائے ہیں، پاکستان اپنے وقار اور عزت سے امن کے لئے پُر عزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک افواج دشمن کےعزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت پر حملے اور سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملے گا۔