امرتسر پر حملہ بھارتی پروپیگنڈا، کسی بھی ایڈونچر کا بھرپور جواب دینگے: اسحاق ڈار

Published On 08 May,2025 07:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امرتسر پر حملہ کی خبریں بھارتی پروپیگنڈا ہے، انڈیا نے اگر کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت سے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے، پاکستان کی آرمڈ فورسز نے بھارت کے 5 طیاروں کو مار گرایا، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہرممکن سٹریٹجک احتیاط کا مظاہرہ کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بہادر پاکستانیو کوئی گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت اپنی خفت مٹانے کیلئے یہ حرکتیں کر رہا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں شہریوں پر کوئی حملہ نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے اپنے ڈرونز کے ذریعے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو نشانہ بنایا تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کر کے پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے امرتسر پر حملہ کیا ہے، یہ جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جس کو ہم نے مسترد کر دیا۔

نائب وزیراعظم نے پیش کش کی کہ ہم نے پہلگام حملے پر بھی بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کی اگر بھارت کے پاس اپنے کل کے دعوے کے حوالے سے کوئی شواہد ہیں تو پیش کرے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے ایک بے بنیاد کہانی گڑھی کہ پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا جس کے جواب میں ڈرونز فائر کیے، یہ الزام انتہائی شرمناک ہے، قوم مطمئن رہے کیونکہ ہماری مسلح افواج ہر گھڑی و ہر دم تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انڈیا نے کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، اللہ کی مدد سے ہم نے 36 گھنٹوں قبل بھرپور جواب دیا اور آئندہ بھی رب کی رحمت سے نصرت ملے گی اور بھارت نے اگر کچھ کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔