ججز تبادلہ کیس: جسٹس شاہد بلال نے عمران خان کی درخواست کی زبان پر اعتراض اٹھا دیا

Published On 21 May,2025 01:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ججز تبادلہ کیس میں جسٹس شاہد بلال نے عمران خان کی درخواست کی زبان پر اعتراض اٹھا دیا۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بنچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے تبادلے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل ادریس اشرف نے مؤقف اختیار کیا کہ تبادلے پر آنے والے ججز کو اضافی الاؤنسز ملتے ہیں اور ان کے تبادلے سینیارٹی پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ تبادلہ عبوری ہوتا ہے اور اگر کوئی الاؤنس دیا جا رہا ہے تو ثبوت پیش کیے جائیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سیٹ خالی نہیں تو تبادلہ کیسے ممکن ہے؟ بنچ نے اٹھارہویں ترمیم میں تبادلے کی مدت ختم کیے جانے اور آئین سازوں کی نیت پر رائے دینے سے گریز کی ضرورت پر بھی بات کی۔

جسٹس شاہد بلال حسن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی زبان سے ہائیکورٹ کے ججز بھی شرمندہ ہوئے ہوں گے، ادریس اشرف نے وضاحت دی کہ کچھ جملے ان کے تحریر کردہ نہیں۔

کراچی بار کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفر ججز کو سنیارٹی لسٹ میں سب سے نیچے رکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے متعدد ججز کی تقرری کی تاریخوں کا حوالہ دیا اور مؤقف اپنایا کہ چیف جسٹس سے سنیارٹی کا معاملہ چھپایا گیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی جبکہ فیصل صدیقی اگلی سماعت پر اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔