سندھ: پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس میں 200 فیصد اضافہ

Published On 26 May,2025 01:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس میں من مانے 200 فیصد اضافے سے طالب علموں اور والدین کو شدید مالی پریشانیوں کا سامنا ہے۔

سال 2019 میں پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کی ٹیوشن فیس 10 لاکھ روپے سالانہ مقرر کی گئی تھی، کالجوں نے 2 سال تک اس پر عمل درآمد کیا اور پھر اس کے بعد اچانک فیسوں میں غیر معمولی اور من مانا اضافہ کر دیا، اب نجی میڈیکل کالجوں میں 5 سال کے دوران ایم بی بی ایس کی تعلیم پر ایک کڑور سے ڈیڑھ کڑور روپے فیس کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔

فیس میں اضافے کے نتیجے میں طالب علموں اور ان کے والدین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ 5 سال کے تعلیمی دورانیے میں کتابوں، ڈریسنگ، ٹرانسپورٹیشن اور یومیہ اخراجات پر 20 لاکھ روپے کی لاگت بھی برداشت کرنا پڑتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کی جانب سے ٹیوشن فیس کی مد میں غیر معمولی، غیر اعلانیہ اور من مانے اضافے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

2019 سے 2021 تک ایم بی بی ایس کی سالانہ فیس 10 لاکھ روپے ٹیوشن فیس فکسڈ تھی، تاہم پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے ختم ہونے کے بعد پاکستان میڈیکل کونسل (PMC) نے ملک بھر کے میڈیکل کالجوں کو اے، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کر دیا جس کے بعد ان کالجوں نے اپنی فیسیں ازخود طے کرنا شروع کر دی۔