اسلام آباد : (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے بھارتی آبی جارحیت پر مبنی ماسٹر پلان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اپنے دریاؤں کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے لداخ میں ہائیڈرو پاور منصوبے دریائے سندھ کے قدرتی بہاؤ کو شدید خطرے میں ڈال رہے ہیں، لداخ میں ترقی کے پردے میں پاکستان کے آبی وسائل پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا دریائے سندھ کا پانی روکنا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور عالمی قوانین صریح پامالی ہے، سندھ طاس معاہدہ صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ یہ جنوبی ایشیا میں امن کی بنیاد ہے اور بھارت اسے کمزور کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دریاؤں کا بہاؤ روکنا ماحولیاتی توازن کو تباہ کر سکتا ہے، بھارت کی یہ روش خود اس کے لیے بھی خطرناک ہے، بھارتی آبی منصوبوں سے صرف پاکستان نہیں بلکہ پورے خطے کی زراعت، معیشت اور ماحول متاثر ہو سکتے ہیں، پاکستان اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان اپنے دریاؤں کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جائے گا۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان عالمی قوانین کے تحت قانونی، سفارتی اور سیاسی محاذ پر بھرپور جواب دے گا، پانی کا مسئلہ بڑی تباہی کا سبب بنے گا بھارت ہوش کے ناخن لے، مودی سرکار کی روش جنوبی ایشیا کو جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے، عالمی برادری بھارتی غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے۔