فاروق ایچ نائیک نے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز (ترمیمی) بل سینیٹ میں پیش کردیا

Published On 19 May,2025 05:58 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) فاروق حامد نائیک نے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز (ترمیمی) بل 2025 سینیٹ میں پیش کر دیا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ بل کا مقصد بار کونسلز میں سینئر اور تجربہ کار وکلاء کو بار کونسلز کا حصہ بنانا ہے، بار کونسلز انتخابات میں پیسے کا بےدریغ استعمال کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے بل کی سخت مخالفت کی گئی ، شبلی فرازنے کہا کہ بل مخالفت کمیٹی میں  یا ایوان میں ہو ہم اس کی مخالفت  کریں گے۔

اس پر جواب دیتے ہوئے اعظم تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ بڑا نوبل شعبہ ہے، اسے سیاست کی نظر نہ کریں، انہوں نے بل کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز پیش کی ۔

فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ بار کونسل کے انتخابات کسی سیاسی جماعت کے الیکشن نہیں، جس پر اعظم تارڑ نے کہا کہ بار کونسلز انتخابات کی مدت میں توسیع کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، وکلاء نے قانون کی حکمرانی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کر رہے ہیں، پانچ بار کونسلز سمیت وکلاء تنظیموں کی تجاویز آ چکی ہیں، بار کونسلز کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔

بعد ازاں قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔