سندھ کے سکولوں میں اجرک، ٹوپی اور تحائف دینے پر پابندی عائد

Published On 27 May,2025 02:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومتِ سندھ کی جانب سے سکولوں میں بطور تحفہ اجرک اور ٹوپی دینے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اس حوالے سے محکمہ ایجوکیشن سندھ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق تمام ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو فوری طور پر احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اب کسی سرکاری تعلیمی ادارے میں بچوں کو مہمانوں کے استقبال کیلئے قطار میں کھڑا نہیں کیا جائے گا، اس عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اسی طرح سرکاری سطح پر اجرک، سندھی ٹوپی یا کوئی تحفہ دینے کی روایت بھی بند کر دی گئی ہے۔

حکومت سندھ کا مؤقف ہے کہ تمام ادارے ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہوں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی، اس نئی پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا تاکہ تعلیمی ماحول کو رسمی تقاریب کے بجائے تعلیمی سرگرمیوں تک محدود رکھا جا سکے۔