کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ کی جانب سے 28 مئی 2025 کو یوم تکبیر پر عام تعطیل کے اعلان کے بعد اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 28 مئی کو ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ غلام حسین سہتو نے بتایا کہ 28 مئی کو لیے جانے والے پرچے کو سندھ حکومت کی جانب سے یوم تکبیر پر عام تعطیل کے اعلان کے بعد ملتوی کیا گیا ہے۔
غلام حسین سہتو کے مطابق 28 مئی کو صبح اور دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے بوٹنی اور انگلش کے پرچے ملتوی کیے گئے ہیں، ملتوی شدہ پرچے 30 مئی کو انہی اوقات میں لیے جائیں گے۔
28 مئی کو صبح 9 بجے سے 11 بجے کے دوران ہونے والا بوٹنی پرچہ اول (نئے و پرانے کورسز، فیل طلبہ کے لیے) 30 مئی کو مقررہ وقت پر لیا جائے گا۔
28 مئی کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہونے والے انگلش (نارمل) پرچہ اول (نئے و پرانے کورسز، فیل طلبہ کے لیے)، انگلش ایڈوانسڈ پرچہ اول (فیل طلبہ کے لیے) 30 مئی کو سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مذکورہ اعلان میں امتحانی مراکز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، طلبہ اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پر جاکر امتحان دے سکیں گے۔