لاچین: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف دورہ ایران مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان پہنچ گئے۔
آذربائیجان کے شہر لاچین کے ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ اور پاکستانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے لاچین شہر پہنچے ہیں، وزیراعظم آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات بھی کریں گے۔
حکام کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ آذر بائیجان کے بعد تاجکستان جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کا دورہ مکمل کیا، اس دوران وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم اور ایرانی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں پاکستان ایران تعلقات بالخصوص تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوئی جبکہ بھارت کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کی کوششوں کو سراہا گیا، اس کے علاوہ ملاقاتوں میں سٹریٹجک تعلقات کی مضبوطی اور غزہ میں جاری صیہونی مظالم کی فوری روک تھام پر گفتگو کی گئی۔