وزیراعظم شہباز شریف کی نائلہ کیانی کو کنچن جنگا سر کرنے پر مبارک باد

Published On 24 May,2025 09:17 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جنگا سر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے نائلہ کیانی کو کنچن جنگا چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھیلوں کے ہر شعبے میں اپنے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ کوہ پیمائی جیسے مشکل کھیل میں پاکستانی خواتین کا ریکارڈ قائم کرنا باعث تقویت ہے۔

نائلہ کیانی آٹھ ہزار میٹر سے بلند بارہ چوٹیاں سر کر چکی ہیں، وہ ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو، نانگا پربت سمیت دیگر بلند چوٹیوں پر بھی قومی پرچم لہرا چکی ہیں۔

نائلہ کیانی کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی خواتین کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ملک کے کوہ پیمائی کے شعبے میں ایک نئی تاریخ بھی رقم کر رہی ہے۔

نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جنگا 8650 میٹر بلند ہے۔