اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر سے کہیں بھی ذو الحج کے چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، یکم ذو الحج29مئی جبکہ عید الاضحیٰ 7 جون کو ہوگی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت مرکزی اجلاس کوہسار بلڈنگ میں ہوا،اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ سپارکو، موسمیات اور دیگر محکموں کے ممبران معاونت کیلئے موجود تھے۔
دوسری جانب مرکزی اجلاس کے علاوہ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹی کے اجلاس بھی ہوئے، تاہم ملک بھر سے کہیں بھی چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات اور سپارکو نے دعویٰ کیا تھا کہ آج شام چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، جو فلکیاتی اصولوں کے مطابق رویت کے لیے ناکافی تصور کی جاتی ہے، اسی بنیاد پر ماہرین کا کہنا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
خیال رہے سپارکو نے پیش گوئی کی تھی کہ یکم ذوالحج 29 مئی کو ہو گئی جو درست ثابت ہوئی۔
دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ انڈونیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، انڈونیشیا میں ذوالحج کا آغاز 28 مئی بروز بدھ سے ہوگاجبکہ عیدالاضحیٰ 6 جون 2025 کو منائی جائے گی ۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ برونائی دارالاسلام اور ملائیشیا میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا،برونائی دارالاسلام اور ملائیشیا میں عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 کو منائی جائے گی۔