آئی ایس پی آر کے زیراہتمام ”ہلال ٹاکس 2025“ پروگرام کا آغاز

Published On 29 May,2025 10:49 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیراہتمام ایک علمی اور فکری نشست ”ہلال ٹاکس 2025“ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

اس نشست میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 1950 اساتذہ کرام شریک ہو رہے ہیں، پروگرام کا بنیادی مقصد سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے حربوں اور مذموم مقاصد سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

پروگرام میں شریک اساتذہ کا کہنا تھا کہ خصوصی سیشنز کے ذریعے پاک فوج کی ساخت، کردار، اور کام کرنے کے طریقہ کار کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا، اس موقع پر نامور تعلیمی شخصیات اور صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروگرام کے دوران یہ نکتہ بھی اجاگر کیا گیا کہ بھارت، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے ہتھکنڈوں کو استعمال کر کے پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا ہے۔‘

اس علمی نشست میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف موضوعات پر اساتذہ کے سوالات کے مدلل جوابات دیئے جنہیں شرکاء نے انتہائی مفید قرار دیا، اساتذہ کا کہنا تھا کہ ان سیشنز نے ہماری فکری و تدریسی افق کو وسعت دی ہے۔

اسسٹنٹ پروفیسر نسٹ ڈاکٹر سندس مستقیم نے کہا ہے کہ یہاں پر مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین کو بلایا گیا ہے جن سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

ڈائریکٹر بی زی یو ڈاکٹر عبدالقدوس صوہیب نے کہا کہ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشتگردی اور خصوصاً بلوچستان کے متعلق بہت تفصیلی اور متاثر کن گفتگو کی، ان کے موقف سے مکمل متفق ہوں۔

کنیرڈ کالج فار وومن سے ڈاکٹر سرینہ احسان نے کہا کہ سیشن میں ففتھ جنریشن وار فیئر اور سوشل میڈیا کے موضوع پر انتہائی اہم معلومات فراہم کی گئیں، ایم نبی اللہ ڈائریکٹر قراقرم یونیورسٹی نے رائے دی کہ فوج ہماری ہے اور آج فوج کیساتھ انٹریکشن کا اچھا موقع ملا اور جتنی غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو گئیں۔

فرح فیصل لیکچرار یونیورسٹی آف گوادر نے کہا کہ سوشل میڈیا کو ہم تک غلط معلومات پہنچانے اور فیک نیوز پھیلانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر امتیاز عوان اے جے کے یونیورسٹی کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہترین طریقے سے پاکستان کا بیانیہ ہم تک پہنچایا۔