عمران خان نے کہا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے دروازے کھلے ہیں: سینیٹر علی ظفر

Published On 29 May,2025 02:51 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے دروازے کھلے ہیں۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پاکستان کےلیے بات چیت کرنے کو تیار ہوں، عمران خان نے واضح کیا ہے کہ کوئی کچھ لو کچھ دو نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اتحاد کی خاطر کسی بھی وقت مذاکرات کیلئے تیار ہوں، اپنے لئے رعایت نہیں مانگ رہا، رعایت مانگنی ہوتی تو بہت پہلے مانگ چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پارٹی لیڈر شپ تحریک کیلئے تیار ہو جائے، اگر کوئی سامنے نہ آیا تو اب میں برداشت نہیں کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گا۔

سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میں صرف انصاف چاہتا ہوں، کیسز جلد سنے جائیں، احتجاجی تحریک کا اعلان ہو چکا ہے، 5 سے 6 دن میں لائحہ عمل دیں گے۔