تحریک انصاف کے ساتھ کیا ہونے جا رہا ہے؟

Published On 29 May,2025 11:48 am

اسلام آباد: (عدیل وڑائچ) پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان کی سیاست میں بہت سے سوالات ایسے ہیں لوگ جن کے جواب جاننا چاہتے ہیں، کیا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ نرمی برت کر ملک میں سیاسی بات چیت کا ماحول پیدا کیا جائے گا؟ کیا اب نو مئی کے بجائے 10مئی کا بیانیہ چلے گا؟

پاکستان تحریک انصاف سے جڑے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی دیکھنے میں آئے گی؟ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے بھی ایک مرتبہ پھر قیاس آرائیاں جنم لینے لگی ہیں، کچھ صحافتی حلقوں کی جانب سے یہاں تک تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پاک بھارت جنگ کی صورتحال میں بانی پی ٹی آئی کو بھی اعتماد میں لیا گیا، حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

کچھ نے یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ بانی پی ٹی آئی بات چیت کے لیے تیار ہو چکے ہیں مگر اس عمل کو وہ میڈیا کی پہنچ سے دور رکھنا چاہتے ہیں، مگر یہ قیاس آرائیاں چند روز بھی زندہ نہیں رہ سکیں، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بالآخر یہ کہہ دیا کہ بتائیں بانی پی ٹی آئی کیا چیز چھوڑیں تو آپ انہیں رہا کریں گے، حال ہی میں جارحانہ اور کشیدگی کا باعث بننے والے بیانات دینے والی علیمہ خان آخر ایسا سرنڈر کرنے والا بیان دینے پر کیوں مجبور ہوگئیں؟

پاکستان تحریک انصاف اس وقت شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سوشل میڈیا پر بھی اس کی اجارہ داری کم ہو چکی ہے، اوورسیز پاکستانی، جو صرف پاکستان تحریک انصاف کے حامی سمجھے جاتے تھے اور اس میں کافی حد تک حقیقت بھی تھی مگر اب وہاں بھی دراڑ نظر آرہی ہے، اگر صوبوں کی بات کی جائے تو کچھ عرصہ پہلے تک خیبرپختونخوا میں صرف پاکستان تحریک انصاف کا بیانیہ نظر آتا تھا لیکن اب وہاں بھی منظر نامہ تبدیل ہوتا نظر آ رہا ہے۔

تحریک انصاف کچھ عرصہ پہلے تک موجودہ رجیم کیلئے نہ صرف درد سر تھی بلکہ ایک بہت بڑا سیاسی چیلنج بن چکی تھی لیکن اس کے اپنے سیاسی بلنڈرز نے اسے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، کچھ حلقے تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کا ذمہ دار مقتدرہ کو قرار دیتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی پالیسیوں خاص طور پر تحریک انصاف کی سوشل میڈیا پالیسی نے اس جماعت کو توڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

حتیٰ کہ تحریک انصاف کے اندر بھی کوئی ایک ایسا رہنما نہیں بچا جس کی عزت پی ٹی آئی کے اپنے سوشل میڈیا ورکرز سے محفوظ ہو، کسی کو معلوم نہیں کہ پارلیمان میں بیٹھی ایک بڑی اپوزیشن جماعت میں بات چیت کا اختیار کس کے پاس ہے۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والا پارلیمنٹرین ہوں، پارٹی عہدیدار ہوں یا اس کے سوشل میڈیا ورکرز، سبھی اپنی ساکھ بچانے کے لیے وضاحتیں دیتے نظر آتے ہیں، ہر رکن دوسرے کو شک کی نگا ہ سے دیکھتا ہے، ایک دوسرے کو مقتدرہ کے ساتھ رابطوں کے طعنے دیے جاتے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ پوری جماعت اور اس کے بانی سربراہ جس مقصد کے لیے مشکلات کاٹ رہے ہیں وہ مقتدرہ کی حمایت حاصل کرنا ہے جس کے لیے پی ٹی آئی گزشتہ تین برسوں سے مزاحمتی سیاست کے نام پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، مگر جب جماعت کا کوئی رکن مقتدرہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے غداری کا سرٹیفکیٹ دے دیا جاتا ہے۔

2022ء تک پاکستان تحریک انصاف میں دو طرح کی قیادت تھی، ایک وہ جو اس جماعت کو بنانے والوں میں شامل تھے اور دوسرے وہ جنہوں نے بعد میں اس جماعت کا حصہ بن کر ملکی سیاست میں اہم پوزیشنز سنبھالیں، نو مئی 2023ء کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں ایک تیسری قسم کی قیادت نے جنم لیا تھا جو وکلا پر مشتمل تھی، جس نے پہلی دو اقسام کی قیادت کے آؤٹ ہو جانے سے فائدہ اٹھایا اور کسی حد تک پارٹی کو ہائی جیک کر لیا، مگر اب یہ تیسری قسم کی قیادت بھی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیموں سے محفوظ نہیں، یہ بھی تضادات اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

26 نومبر 2024ء کے سیاسی بلنڈر کے بعد اب پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر آنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی، پی ٹی آئی کا سب سے بڑا سیاسی ہتھیار سوشل میڈیا بھی اب اس کے ہاتھ سے نکلتا دکھائی دے رہا ہے، حکمران جماعتیں عموماًغیرمقبول ہوا کرتی ہیں مگر ٹک ٹاک، فیس بک اور ایکس سمیت تمام بڑے فورمز پر پی ٹی آئی کے مقابلے میں (ن) لیگ کی اچھی خاصی موجودگی نظر آتی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک متبادل بیانیہ مؤثر انداز میں دکھائی دینے لگا ہے جو پہلے نہ ہونے کے برابر تھا، معرکۂ حق کے بعد ملک کے اندر افواجِ پاکستان کی مقبولیت میں بھی بہت اضافہ ہو چکا ہے، خیبر پختونخوا میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا طلبہ سے خطاب اور طلبہ کے رسپانس کے مناظر بتا رہے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی سوچ بدل چکی ہے، چند ہفتے قبل اسلام آباد میں ہونے والے اوورسیز کنونشن میں پاکستان تحریک انصاف کے کئی بیرونِ ملک عہدیداروں کی شرکت نے بھی سب کو حیران کر کے رکھ دیا، کنونشن میں پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں کی شرکت بتا رہی تھی کہ پی ٹی آئی اوورسیز میں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔

کچھ سیاسی تجزیہ کار یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ پاک بھارت جنگ کے بعد مقتدرہ کی عوامی مقبولیت میں بے انتہا اضافہ ہو چکا ہے اس لیے یہ پاکستان تحریک انصاف کو حکومت کے ساتھ بیٹھا کر ملک میں سیاسی ہیجانی کیفیت کے خاتمے کا سنہری موقع ہے، ان کے خیال میں بانی پی ٹی آئی کو بات چیت کی میز پر لایا جائے تاکہ 2022ء سے چلی آ رہی سیاسی ہیجان کی صورتحال کا خاتمہ ہو سکے۔

بانی پی ٹی آئی کی سیاست ایک بند گلی میں داخل ہو چکی ہے، وہ مقتدرہ کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں مگر مقتدرہ اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ بات کرنی ہے تو سیاسی حکومت کے ساتھ کریں، حکومت کے ساتھ بات کرنے کا مطلب ہے کہ اسے منتخب حکومت تسلیم کیا جائے اور اسے چلنے دیا جائے، اگر بانی پی ٹی آئی ایسا کرتے ہیں تو انہیں اس کی سیاسی قیمت ادا کرنا ہوگی، اگر ایسا نہیں کرتے تو تب بھی اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی، انہیں نو مئی پر معافی مانگنا ہوگی اور آئندہ انتخابات تک خاموش بیٹھنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کو یہ طے کرنا ہے کہ انہوں نے جیل میں رہ کر حکومت کو سکون سے چلتا رہنے دینا ہے یا جیل سے باہر آ کر۔