اسلام آباد:(دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی کال پر کوئی باہر نہیں نکلے گا، تحریک انصاف انتشار اور مذاکرات کے مداروں میں چکر کھا رہی ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت تو شاید بانی پی ٹی آئی کو بہت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہے، البتہ عمران خان کیا دے سکتے ہیں؟ وہ کچھ دینے کی پوزیشن میں نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے یہ طے کر لیں کہ کیا بات کرنی ہے؟ کس نے کرنی ہے؟ اور کس سے کرنی ہے؟ یہ پہلے بھی مذاکرات سے بھاگ گئے تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ لائیں تحریکِ عدم اعتماد، ہمارے تو نہیں البتہ پی ٹی آئی کے لوگ ضرور کم ہو جائیں گے، ہماری صفوں میں کوئی علوی یا قاسم سوری نہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مودی گولی چلائیں گے تو جواب میں گولہ کھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی قیادت کے لیے ایک بار پھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔