پشاور: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے قائم کیمپ کو نذر آتش کرنے کے واقعے پر تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ انجینئر محمد عارف کی مدعیت میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کیا گیا جنہوں نے مبینہ طور پر کیمپ کو آگ لگا کر قیمتی سامان راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
درخواست گزار کے مطابق انہیں فون کال کے ذریعے اطلاع ملی کہ نامعلوم افراد نے پی ٹی آئی کیمپ کو آگ لگا دی ہے بعد ازاں واقعے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیمپ کو آگ لگانے کا یہ عمل پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی باچا اور جنرل سیکرٹری کی ایماء پر کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملک عظمت، ضیاء اللہ آفریدی، ہمایوں خان، ذوالقرنین، احسان اور دیگر افراد کیمپ کو آگ لگاتے ویڈیو میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، شرپسند عناصر پی ٹی آئی کے جھنڈوں کو بھی نذرِ آتش کرتے دیکھے گئے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کیمپ میں موجود قیمتی سامان مکمل طور پر جل گیا اور اس واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔