پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آکر بات کریں، علیمہ خان کا پھر مذاکرات کا عندیہ

Published On 27 May,2025 04:47 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ایک بار پھر مذاکرات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آکر بات کریں۔

 بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جاتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی بات چیت کیلئے تیار ہیں، کچھ لو اور کچھ دو کیلئے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بھائی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟ بتائیں بانی پی ٹی آئی کیا چیز چھوڑ دے کہ آپ رہا کردیں گے؟ پیچھے نہ بیٹھیں، سامنے آکر بات کریں،ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں، چھپ چھپ کربات نہیں ہوگی۔

علیمہ خان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کے پاس خوشخبری ہے تو ہمیں بھی بتا دیں، بیرسٹر گوہر سے پوچھیں کیوں انہوں نے کہا بانی 5 تاریخ کو رہا ہوں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے پورے ملک میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا کیوں کہ یہاں سنائپرز بٹھائے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ اُن کی سب پر نظر ہے ، تحریک انصاف ایک نظریے کا نام ہے ، وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔

علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو عام قیدی کوحقوق حاصل ہیں مجھے وہ بھی نہیں دیئے جا رہے، بچوں سے 8 ماہ میں ایک مرتبہ بات کرائی گئی اور بہنوں سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، یہ کون سا قانون ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بہنوں سے ملاقات نہ کروائی جائے۔