سیالکوٹ:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ(ن)کےرہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہماری جنگ کسی سیاسی جماعت سےنہیں ہے۔
شہر اقبال کے پی پی 52 سمبڑیال کی الیکشن مہم کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز ہی نوازشریف کی اصل طاقت ہیں، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عوام کی فلاح کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پوری دنیا میں سبزہلالی پرچم بلند ہوا ہے، نوازشریف نےعالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے، نوازشریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کبھی جیل اور کبھی جلاوطن کر دیا گیا، مسلم لیگ (ن) کا قصور یہ ہے کہ ملک کی ترقی کی بات کرتے ہیں، ریاست کی خاطر ہم نے اپنی سیاست کو قربان کیا، ملک کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اورجنرل قمر جاوید باجوہ کی ساز بازسے دوبارہ دہشت گردوں کو بسایا گیا، ہمارا اگلا ہدف پاکستان کو اکنامک پاور بنانا ہے، بھارت زخم کھا کر پلٹ کر وار کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ کسی سیاسی جماعت سےنہیں ہے، ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا پاکستان کی ترقی ہے، ہم نہیں چاہتےکوئی جیلوں میں پڑا رہے، یہ کوئی طریقہ نہیں روزاسلام آباد پردھاوا بولو، پرامن احتجاج کریں اگراسلام آباد کا گھیراؤکریں گےتوپھرتلخی بڑھےگی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نےاسمبلی میں بات چیت کرنےکا کہا تھا، کیسے سیاسی لوگ ہے جوسیاست دانوں سےبات نہیں کررہے، ہم مانتےہیں آپ اورہم سیاسی حقیقت ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والےجہاں جیت جاتےہیں وہاں دھاندلی نہیں ہوتی،جہاں ہارجاتےہیں وہاں کہتےہیں دھاندلی ہوگئی، آپ نے ضمنی الیکشن میں شیرپرمہرلگانی ہے۔